دادو کے دو گاؤں میں خوفناک آتشزدگی 9 افراد جان کی بازی ہار گئے

میہڑ (دادو) کے دو دیہات میں خوفناک آتشزدگی سے 6 بچوں سمیت 9 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

نیوز ڈیسک (مورخہ 20 اپریل 2022)

تحصیل میہڑ کے گاؤں فیض محمد چانڈیو و دیگر میں آتشزدگی سے 6 بچوں سمیت 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کا عملہ وقت پر نہ پہنچ سکا۔ اطلاعات کے مطابق اتنی بڑی آبادی کے لیے صرف دو فائر بریگیڈ تھیں اور دونوں ہی غیرفعال نکلیں۔

علاقے کے ایم پی اے اور ایم این اے نے بھی فون اٹھانے سے انکار کردیا۔ تباہ حال گاؤں کے باسی رات کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہوگئے۔ گاؤں والوں کا اناج اور گھر کا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔دیہات کے رہائشی صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

واقعے نے سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھول دی۔ بظاہر سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے افسوسناک واقعے کا نوٹس ضرور لیا مگر گاؤں والے ابھی بھی امداد کے منتظر ہیں۔ ایک طرف اموات اور دوسری طرف سازوسامان کے مکمل جل جانے نے دیہات والوں کو ہلا کر رکھ دیا۔

کہا یہ جارہا ہے کہ بچوں کی لگائی گئی آگ کے شعلے تیز ہوا کے باعث گھروں تک جاپہنچے۔ جبکہ انتظامیہ کے مطابق گھر کے چولہے سے چارے میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہوگئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی افسوسناک واقعے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروادی۔ تاحال ریسکیو آپریشن میں تاخیر کی وجہ کا تعین نہ ہوسکا۔ گاؤں کے باسیوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے فوراََ امداد کی اپیل کردی۔

Leave a Reply